21 اکتوبر 2016 - 12:22
روس اور امریکی وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونیک گفتگو

روس اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے ٹیلیفونی گفتگو کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کے ساتھ حلب کے بارے میں ٹیلیفون پر تبادلۂ خیال کیا ہے-

روس کی وزارت خارجہ نے اس بارے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ شام سے متعلق دونوں ملکوں کے درمیان جاری مذاکرات اور پندرہ اکتوبر کو لوزان میں ہونے والے سمجھوتے میں پیشرفت کے دائرے میں، روسی اور امریکی وزرائے خارجہ نے مشرقی حلب میں حالات کو معمول پر لانے کے سلسلےمیں گفتگو کی ہے-

روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ لاوروف نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں نہ صرف حلب کے باشندوں بلکہ غیر قانونی مسلح گروہوں کے بھی پر امن طریقے سے اس شہر سے نکل جانے کے لئے حالات فراہم کئے جانے کے بارے میں بات چیت کی- لیکن یہ ایسی حالت میں ہے کہ مسلح عناصر جنگ بندی کو لاحاصل اور بے نتیجہ بنانے کی غرض سے عام شہریوں کو شہرسے باہر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اور ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں-

واضح رہے کہ شام کی حکومت اور روس نے حلب میں جھڑپیں روکے جانے اور انسان دوستانہ امداد پہنچائے کی غرض سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور اس کی مدت میں توسیع کا امکان بھی پیش کیا ہے -

اس ٹیلیفونی گفتگو میں لاوروف نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ اعتدال پسند گروہوں کو دہشت گرد گروہوں سے جدا کرنے کے اپنے پرانے وعدوں پر بھی عمل کرے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169